حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ آرگنائزیشن پاکستان لاہور ریجن کی جانب سے فلیگ ڈے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی گئی۔ لاہور ریجن کے ناظم سید حسن رضا نقوی نے العصر اسلامک سنٹر لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلیگ ڈے منانا مظلوم فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کا جشن منانا ہے، جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی صحافی احمد قریشی کے دورہ اسرائیل کے حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کس طرح ایک ایسے ناجائز ملک میں چلا گیا جس کیلئے پاکستان کا پاسپورٹ کارآمد ہی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عراقی پارلیمنٹ میں منظور ہونے والے قانون پر عراقی ارکان پارلیمنٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے قانون پاس کر دیا کہ اسرائیل کیساتھ تعلقات رکھنے والے کو سزائے موت دی جائے گی۔
حسن رضا نقوی کا کہنا تھا کہ جن اسلامی ملکوں نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کئے ہوئے ہیں، وہ بھی ہوش کے ناخن لیں، اس ناجائز ریاست کیساتھ تعلقات فی الفور ختم کریں اور مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔